144

پاک فضائیہ کے سربراہ نے سینٹر فار ائیرو سپیس اینڈ سیکیورٹی سٹڈیز (CASS)کا افتتاح کیا۔

پاک فضائیہ نے آج ایک اور سنگِ میل عبور کیا جب ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کے پالیسی تھنک ٹینک سینٹر فار ائیرو سپیس اینڈ سیکیورٹی سٹڈیز (CASS)کا افتتاح کیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
ائیر مارشل شاہد اختر علوی، ڈپٹی چیف آف دی ائیر سٹاف (ٹریننگ) نے اپنے استقبالیہ خطا ب میں معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ ائیر مارشل (ریٹائرڈ) وسیم الدین نے اس نئے قائم شدہ سنٹر کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے ائیر و سپیس کے میدان میں تحقیق کی نئی راہیں کھلیں گی۔
اس موقع پر خطاب میں ائیر چیف نے کہا کہ موجودہ دور میں ائیرو سپیس کے میدان میں روز بروز رونما ہونے والی وسعت اور جدت نے اس ٹیکنالو جی کو اولین ترجیح بنا دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ائیرو سپیس میں اعلیٰ صلاحیتوں کا حصول اس سے متعلق ٹیکنالوجی سے علم و آگہی میں پنہاں ہے جو اس ادارے کا تحقیقی شعبہ مہیا کرے گا۔ انہوں نے انتظامیہ کے اس کامیاب اقدام کو سراہا اور دستیاب زرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے ائیرو سپیس اور سیکیورٹی سٹڈیز کے روشن مستقبل کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
بعد ازاں ائیر چیف نے تختی کی نقاب کشائی کر کے نئے قائم کردہ سنٹر کا با ضا بطہ افتتاح کیا۔ تقریب میں سابقہ ائیر چیفس، سینیٹرز، تینوں مسلح افواج کے اعلیٰ عہدیداران اور مختلف تھنک ٹینکس سے اہم شخصیات اور شعبہ صحافت سے وابستہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں